عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //جموں کشمیر کیساتھ ساتھ ہندوستان بھر میں اور عالمی سطح پر اربوں لوگ اس انتہائی منتظر ایونٹ کی قریب سے نگرانی کر رہے تھے۔ وادی بھر میں، لوگ اس شاندار کارنامے کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنے ٹیلی ویژن سیٹوں سے چپکے رہے۔ جموں و کشمیر میں خصوصی اسکریننگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس شاندار کامیابی کا جشن راج بھون، سری نگر میں لینڈنگ کی لائیو اسکریننگ کے ذریعے بھی منایا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ چیف سکریٹری اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران نے اس تاریخی واقعہ کا مشاہدہ کیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنزنے بھی اس شاندار کارنامے کی تقریبات میں شرکت کی اور اس تاریخی تقریب کی لائیو سٹریمنگ کی۔ سرینگر کے لالچوک علاقے میں ایک بڑا سکرین لگایا گیا تھا جس پر یہ نظارہ دیکھنے کیلئے سینکڑوں لوگ جمع تھے۔ادھر درگاہ حضرتبل میں اس موقعہ کیلئے خصوصی دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔دیگر خانقاہوں اور درگاہوں پر بھی دعائیں کی گئیں۔ چندریان-3 کی طے شدہ سافٹ لینڈنگ کے سلسلے میں، ملک بھر میں لوگوں نے ایک کامیاب مشن کے لیے تمام فرقوں کی عبادت گاہوں میں دعا کی۔ملک بھر میں سافٹ لینڈنگ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں اسکول اور سائنس سینٹرز اور عوامی ادارے شامل ہیں۔ اسرونے لائیو کارروائیوں کو ویب سائٹ، اس کے یوٹیوب چینل، فیس بک، اور عوامی نشریاتی ادارے ڈی ڈی نیشنل ٹی وی پر دستیاب کرایا۔