سرینگر// میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں اتوار کو سرینگر کے کئی علاقوں میں جلوس برآمد ہوئے،جس کے دوران اسلام کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ تاریخی لالچوک میں بعد از دوپہر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار افراد نے میلاد النبیﷺ کا جلوس برآمد کیا۔ریذیڈنسی روڑ پر گزر کر اس جلوس میں شامل شرکاء’’ احمد ؐکی آمد مرحبا،محمد ؐکی آمد مرحبا‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔شرکاء جلوس نے سبز اور ہلالی رنگ کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے،جن پر کلمہ طیبہ رقم تھا۔بعد میں یہ جلوس بڈشاہ چوک سے گزر گیا۔جلوس کی وجہ سے کچھ دیر تک ٹریفک کی آمدرفت میں بھی خلل پڑا۔اس دورن سونہ وار سے ڈلگیٹ تک میلاد النبیؐ کا ایک جلوس بھی برآمد کیا گیاجس میںشرکاء نے سبز پرچم اٹھا رکھے تھے،جن پر کلمہ اور محمدﷺ کا نام تحریر تھا۔جلوس میں خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور بعد میں یہ جلوس ڈلگیٹ تک پہنچ گیا۔ادھر سرینگر کے شالیمار سے میلاد النبیﷺ کا ایک جلوس برآمد ہواجس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، جلوس میں ماتھے پر سبز پٹیاں باندھے بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ جلوس کا انعقاد تحریک دعوت المنہاج نے کیا تھا،جبکہ جلوس کی قیادت مولانا میر محی الدین نقیب کر رہے تھے۔یہ جلوس شالیمارسے برآمد ہوکر نشاط سے ہوتے ہوئے زیارت قاسم صاحب ؒکے آستان عالیہ پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں شامل لوگ دورد و سلام اور اسلام کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔