یواین آئی
نئی دہلی/لاس اینجلس 2028 اولمپک میں کرکٹ کی طویل انتظار کے بعد واپسی ہوگی، جس کا آغاز 12 جولائی سے ہوگا، جبکہ سونے اور کانسے کے تمغوں کے مقابلے بالترتیب 20 اور 29 جولائی کو کھیلے جائیں گے ۔منتظمین نے بدھ کے روز لاس اینجلس 2028 اولمپک کھیلوں کے لیے مقابلوں کا پروگرام جاری کیا۔ اب تک اولمپک میں کرکٹ صرف ایک بار، 1900 کے پیرس اولمپک میں کھیلا گیا تھا۔ اس وقت صرف دو ٹیموں-برطانیہ اور فرانس نے حصہ لیا تھا۔ دونوں کے درمیان دو روزہ میچ کھیلا گیا، جسے بعد میں غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچ کا درجہ دیا گیا۔ اس مقابلے میں برطانیہ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ لاس اینجلس 2028 میں کرکٹ جدید اور دلکش انداز میں دوبارہ شامل کیا جائے گا۔ مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ٹی20 ٹورنامنٹس ہوں گے ، اور ہر ٹورنامنٹ میں الگ الگ تمغے سونا، چاندی اور کانسے دیے جائیں گے ۔14 اور 21 جولائی کو کوئی میچ طے نہیں کیا گیا ہے ۔ زیادہ تر دنوں میں دو میچ ہوں گے ، جو مقامی لاس اینجلس وقت کے مطابق صبح 9:00 بجے اور شام 6:30 بجے شروع ہوں گے ۔ تمغوں کے میچ بھی انہی اوقات میں کھیلے جائیں گے ۔ہندوستانی وقت کے مطابق پہلا میچ رات 9:30 بجے شروع ہوگا، جب کہ دوسرا میچ اگلی صبح 7:00 بجے کھیلا جائے گا۔مردوں اور خواتین، دونوں ٹورنامنٹس میں چھ چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مجموعی طور پر 28 میچ کھیلے جائیں گے ۔کرکٹ کے ساتھ ساتھ اسکواش بھی لاس اینجلس 2028 اولمپک میں ایک نیا کھیل ہوگا، جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی بھرپور دلچسپی متوقع ہے ۔