عازم جان
بانڈی پورہ // ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان نے پیرکو 30 کسانوںاور باغبانوں کے ایک گروپ کولاسی پورہ پلوامہ کے تربیتی اور نمائشی دورے کے لیے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ٹور کا اہتمام محکمہ باغبانی بانڈی پورہ نے اے ٹی ایم اے کے تحت کیا تھا۔اس موقع پر چیف ہارٹیکلچر آفیسر بانڈی پورہ فاروق احمد کے علاوہ محکمہ باغبانی کے دیگر افسران اور اہلکار موجود تھے۔اس موقع پر ڈی سی نے کسانوں سے بات چیت کی اور محکمہ کی جانب سے نافذ کی گئی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں فیڈ بیک لیا۔اس دورے کا مقصد کسانوں کے علم میں اضافہ کرنا اور زرعی طریقوں کو بڑھانا ہے اس کے علاوہ کسانوں کو کاشتکاری کی اختراعی تکنیکوں، پائیدار طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں خود تجربہ اورجانکاری فراہم کرنا ہے۔چیف ہارٹیکلچر آفیسر بانڈی پورہ فاروق احمد نے بتایا کہ اس ٹور میں لاسی پورہ پلوامہ میں قائم مختلف یونٹوں کے دورے شامل ہوں گے جن میں سی اے اسٹورز، گریڈنگ لائنز اور دیگر فوڈ پروسیسنگ یونٹس شامل ہیں جو کاشتکاری کے طریقوں میں اپنی مہارت کے لیے مشہور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شرکاء کو ماہرین اور ساتھی کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملے گا، تعاون اور علم کے اشتراک کو فروغ ملے گا۔