مشتاق الاسلام
پلوامہ// صنعتی مرکز لاسی پورہ میں بے ہنگم بجلی کٹوتی کے خلاف صنعت کاروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مرکز میں بے ہنگم بجلی کٹوتی سے انہیں زبردست مالی مشکلات سے دو چار ہونا پڑرہا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لاسی پورہ میں بجلی کی کٹوتی کو ختم کیا جائے۔لاسی پورہ پلوامہ کے صنعتی مرکز میں قائم ایک یونٹ ہولڈر مختار احمد نے بتایا کہ سرما کے موسم سے قبل ہی لاسی پورہ میں بے ہنگم بجلی کٹوتی نے انہیں پریشان کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں چھوٹے بڑے 650 کے قریب صنعتی مراکز قائم ہیں جبکہ صنعتی یونٹ قائم کرنے کے حوالے سے مالکان نے مختلف بینکوں اور دیگر ذرائع سے قرضے حاصل کرکے یہاں پر مراکز قائم کئے ہیں۔بجلی محکمے کے خلاف احتجاج پر اترآئے صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی کٹوتی کے حوالے سے انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ کے افسران سے اپنی پریشانی سے واقف کرایا لیکن تاایں دم اس حوالے سے کوئی اقدام اٹھانے میں محکمہ بری طرح ناکام ہوا ہے۔ لاسی پورہ میں قائم صنعت کاروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بشارت قیوم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پچھلے تین سالوں سے بجلی کٹوتی کے درپیش مسلے کو حل کرنے میں اپنا تعاون پیش کریں۔متعلقہ محکمہ نے کہا کہ صنعتی مرکز میں بجلی ترسیلی لائنوں کی مرمت کے سبب چند گھنٹے تک بجلی متاثر رہی۔ترجمان نے مزید کہا کہ لاسی پورہ میں صنعتی مراکز میں اضافے سے اورلوڈنگ کا مسئلہ بھی درپیش ہے اور یہ مسئلہ انہوں نے پہلے ہی چیف انجینئر کی نوٹس میں لایا ہے۔