نئی دہلی// سرحدی کشیدگی پر ہند پاک ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں ممالک نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی اطلاعات کو مسترد کیا ۔سرحد پار سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور دراندازی کے واقعات میں اضافہ کے درمیان ہندستان نے پاکستان سے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ سرحد پر امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے لیکن کسی بھی حرکت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا۔پاکستان کی درخواست پر ہندوستان اور پاکستان کے ملٹری آپریشنز کے ڈائرکٹر جنرلوں کے درمیان سوموار کی صبح جموں کشمیر میں کنٹرول لائن پر موجودہ صورتحال کے بارے میں ہاٹ لائن پر بات چیت ہوئی۔ہندستان کے ملٹری آپریشنل ڈائریکٹر جنرل لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے کہا کہ ہندستان سرحد پر امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے لیکن یہ عزم پاکستانی فوج کی منشا اور حرکت کے مطابق ہو گا۔ اگر پاکستانی فوج دراندازوں کو اکسانے اور بڑھاوا دینے کا کام کرے گی اور سرحد پار سے فائرنگ ہوگی تو ہندوستانی فوج کرارا جواب دے گی۔گزشتہ ایک مہینہ کے اندر دونوں ممالک کے ملٹری ڈائرکٹر جنرلوں کے درمیان دوسری بار ہاٹ لائن پر بات چیت ہوئی ہے ۔ لیفٹننٹ جنرل بھٹ نے پاکستانی فوج کے ذریعہ بے وجہ سرحد پر کشیدگی بڑھانے کا معالہ بھی اٹھایا۔پاکستان کے فوجی ڈائریکٹر جنرل کی طرف ے غیرفوجیوں کے مارے جانے کا معاملہ اٹھائے جانے پر ہندستانی جنرل نے کہا کہ ہندوستانی فوج مکمل طور پیشہ ورانہ ہے اور کسی بھی طریقے سے غیرفوجیوں کو نقصان پہنچانے کا کام نہیں کرتی۔