عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے آپریشن جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے ساتھ گریز سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کی۔ان کا کہنا تھا کہ فائر کھولنے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ علاقے میں اضافی دستے روانہ کیے گئے ہیں اور پہاڑی علاقے میںآپریشن جاری ہے تاہم دقتیں پیش آرہی ہیں کیونکہ علاقے میں موسم خراب ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی دو کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے، تین ملی ٹینٹ ٹنگڈار میں دو الگ الگ مقابلوں میں مارے گئے تھے۔ادھرجموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے حوالے سے لائن آف کنٹرول پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ حد متارکہ پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر اضافی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کے واقعات میں حالیہ دنوں کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر سرحد وں پر فوج کو مستعد رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں ایل او سی پر فوج کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول میں اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی اہلکار دن رات نظر گزر رکھے ہوئے ہیں تاکہ سرحد پار سے کوئی بھی ایل او سی کو پار نہ کر سکے۔انہوں نے بتایا کہ ہم انتہائی مستعد ہیں کیونکہ ملی ٹینٹوں نے دراندازی کرکے کشمیر میں داخل ہونے کے ارادارے ترک نہیں کئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے کشمیر کے 350 کلومیٹر سرحد پر چوکسی بڑھائی گئی ہے۔