عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// حکومت نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پانچ لاکھ ٹن پیاز کی خریداری کے کل ہدف میں سے اس سال بفر اسٹاک کے لیے اب تک تقریباً 71,000 ٹن پیاز خریدی ہے۔صارفین کے امور کے محکمے کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جمعہ کو پیاز کی کل ہند اوسط خوردہ قیمت 38.67 روپے فی کلو گرام تھی، جب کہ اعلیٰ معیار کی پیاز کی قیمت 40 روپے فی کلو رہی۔ امور صارفین کے محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 20 جون تک مرکز نے 70,987 ٹن پیاز کی خریداری کی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 74,071 ٹن پیاز کی خریداری کی گئی تھی۔ اس سال ربیع کی پیداوار میں تقریباً 20 فیصد کی تخمینی کمی کے باوجود، قیمتوں میں استحکام بفر کے لیے پیاز کی خریداری کی رفتار بڑی حد تک پچھلے سال کی سطح پر ہے۔اہلکار نے کہا کہ حکومت پیاز کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے پیاز کو بفر میں رکھنے یا بازار میں جاری کرنے کے آپشن کا استعمال کرے گی۔ خریداری کی قیمت ایک متغیر قیمت ہے جو کہ موجودہ مارکیٹ کی قیمتوں سے منسلک ہے، عہدیدار نے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ 2023-24 میں خریف، دیر خریف اور ربیع میں پیداوار میں اضافہ کم ہونے کی وجہ سے ہے۔حکومت نے پیاز کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے، حکومت نے گزشتہ سال اگست سے 40 فیصد کی ایکسپورٹ ڈیوٹی متعارف کرانے سمیت متعدد احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔