سرینگر// پیپلز لیگ اور ڈی پی ایم وفود نے حال ہی میں جاں بحق ہوئے قیصر امین کے گھر ڈلگیٹ جاکر تعزیتی مجلس میں شرکت کی ۔ لیگ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چیر مین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا کی قیادت میں مزارشہدا عید گاہ گیا اورقیصر امین کی مغفرت و ایصال ثواب کے لئے ایک دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔ بعد اذاں یہ وفد جس میں طوطا کے علاوہ لیگ کے منیرلاسلام اور نثار احمد آہنگر شامل تھے،نے قیصر امین کے گھر واقع ڈلگیٹ گیا اور تعزیتی مجلس میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں غمزدہ خاندان کو تسلی وڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انقلابی تحریکیں ناکامی کا شکار نہیں ہوتی بلکہ ہزار مشکلات ودشواریوں کے باوجود اپنے منزل مقصود تک پہنچ جاتی ہے۔اس موقع پر مجلس میں موجوداسلامک سٹوڈنٹس لیگ کے سربراہ شکیل احمد بخشی نے بھی خطاب کیا۔ادھرڈی پی ایم ایک اعلیٰ سطحی وفدجنرل سکریٹر ی خواجہ فردوس کی قیادت میںقیصر امین کے گھر گئے جہاں انہوںنے غمزدہ خاندان کو تسلی وڈھارس بندھائی۔ انہوںنے کہا کہ قیصر جیسے نونہال جوانوں کو ہم کسی بھی صورت میں بھول جانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔