سرینگر// آنکھوں کے معروف معالج ڈاکٹر ایس نٹراجن 15نومبر کے بعد چوتھی مرتبہ وادی کا دورہ کرکے پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے افراد کی جراحیاں انجام دیں گے۔ ڈاکٹر ایس نٹراجن کو اکتوبر کے آخری ایام میں وادی کا دورہ کرنا تھا مگر دیوالی کی وجہ سے دورے کو ملتوی کردیا گیا ۔ ڈاکٹر نٹراجن نے اپنے تین دوروں کے دوران ابتک 173 جراحیاں انجام دی ہیں ۔ پچھلے 118دنوں کے نامساعد حالات کے دوران آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے بصارت کھونے والے نوجوانوں کو پھر سے دیکھنے کے قابل بنانے کی کوشش کے تحت ڈاکٹر نٹراجن پھر سے وادی کا دورہ کرکے زخمی افراد کی جراحیاں انجام دیں گے۔ڈاکٹر نٹراجن نے ابھی تاریخوں کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ کو مطلع نہیں کیا ہے مگر اُمید ہے کہ وہ 15نومبر کے بعد چوتھی مرتبہ صدر اسپتال میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے افراد کی جراحیاں انجام دیں گے۔ سرینگر کے صدر اسپتال میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 300سے زائد نوجوانوں کی دوسری اور تیسرے درجے کی جراحی انجام دینا ابھی باقی ہے اور ڈاکٹر نٹراجن کے آتے ہی مذکورہ نوجوانوں کی دوسری اور تیسرے درجے کی جراحیاں انجام دی جائیں گی۔ صدر اسپتال کے شعبہ چشم کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ڈاکٹر نٹراجن ایسے نوجوانوں کی جراحیاں انجام دیتے ہیں جنہیں پیلٹ لگنے کی وجہ سے شدید چوٹیں آئیں ہیں۔ مذکورہ ڈاکٹر نے بتایا کہ آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے 1123افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا جن میں تقریباً1026کی پہلے اور دسرے درجے کی جراحیاں انجام دی گئی ہیں جبکہ 300نوجوانوں کو دوسرے اور تیسرے مرحلے کی جراحیوں کا انتظار ہے۔ واضح رہے ڈاکٹرنٹراجن نے اپنے تین دوروں کے دوران 173جراحیاں انجام دی جن میں 29جولائی کے دوروزہ دورے کے دوران 44، 19اگست کے تین روزہ دورے کے دوران 66 جبکہ 29ستمبر کے چار روزہ دورے کے دوران 63جراحیاںشامل ہیں۔