سرینگر// جے سی سی کے سنیئر لیڈر عبدالقیوم وانی نے اساتذہ کے پرامن مارچ پرطاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے معماروں کو ہر ایک صورتحال میں وقار اور عزت کا حق ہے،تاہم مدرسین پر پولیس نے رنگدار پانی،لاٹھی چارج اور طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا،جو نا قابل قبول ہے۔ وانی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ اس طرح کے غیر انسانی عمل کے خلاف تحقیقات کی جائے،تاکہ مستقبل میں اس طرح کی کاروائی کو دہرایا نہ جائے،ان کا کہنا تھا کہ حقوق کا تحفظ ہر ایک فرد کا پیدائشی حق ہے،تاہم ہر صورتحال میں طاقت کا استعمال غیر منافع بخش ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے زخمی اساتذہ سے ہمدردی کا ا اظہارکرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی اور اعلان کیا کہ ایجیک کے تمام لیڈران16مئی کو انکے احتجاج میں شمولیت کریں گے۔ وانی نے اس بات پر بھی امید ظاہر کی کہ وزیر تعلیم چودھری ذوالفقار علی ان وعدوں کو بھی عملی جامعہ پہنائیں گے،جو انہوں نے12مئی کو ٹیچرس فورم کے ساتھ ایس ایس ائے اساتذہ کی تنخواہوں کو غیر منسلک کرنے اور سٹیٹ سیکٹرکے تحت انکی تنخواہوں کو لانے کے حوالے سے کیا۔وانی نے ایس ایس ائے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی پر زور دیا ہے کہ وہ کلہم خواندگی مہم کے تحت کام کرنے والے ان مدرسین کے درد کو سمجھے،اور مقرہ معیاد کے اندر رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے وزیر خزانہ سید الطاف بخاری کی طرف سے ایس ایس ائے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسائل کو حل کرنے سے متعلق مثبت اپروچ کی سراہنا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بھی اپنے وعدوں کو عملی جامعہ پہنائیں گے۔