سرینگر//پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیرمین محمد مصدق عادل نے جنرل روات کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بھارت کی موجودہ انتہا پسند حکومت کی اس پالیسی کا ایک واضح نمونہ ہے جس کے تحت وہ یہاں کشمیر میں مسلم اکثریتی سماج کے تہذیب وتمدن کو بگاڑنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس حساس معاملے کے حوالے سے ہوشیار اور خبردار رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بیان سے محسوس کیا جا سکتا ہے کہ طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے کے بعد جس کے نتیجہ میں اب تک لاکھوں معصوم کشمیریوں کی قتل و غارت گری اور بے دریغ گرفتاریاں اور اربوں کی املاک کا مالی نقصان کرکے بھی کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کو دبانے میں ناکامی کے آثار دیکھ کر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے اسلئے اب یہاں کے دینی مدرسوں، اسکوں اور مساجد و خانقاہوں کو بھی طاقت کے بل بوتے پر اپنے قبضے میں لاکر اہل کشمیر کو زیر کرنے کے خواب دیکھ ریا ہے۔