عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ قوم نے عزم کر لیا ہے اور وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھ مضبوط کرئے گھی ۔انہوں نے کہا کہ ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس سب کا پرایاس کے وزیر اعظم کے وژن نے ہم وطنوں کو جوش دلایا ہے اور 2047 تک وکشت بھارت کو یقینی بنانے کے لئے سب کو ترغیب دی ہے۔نگروٹہ ،دنسال، متھواڑ اور امب-گھروٹا اسمبلی کے پارٹی ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہا کہ شمولیتی ترقی کے لئے وزیر اعظم کی وابستگی ’میک ان انڈیا‘، ’اسٹارٹ اپ‘، ’سوچھ بھارت ابھیان‘، اور ’آیوشمان بھارت‘ جیسے اقدامات سے ظاہر ہوتی ہے، جس کا مقصد معاشرے کے ہر طبقے کو ترقی دینا ہے اوروہ خلاء جو آزادی کے بعد چھ دہائیوں سے برقرار ہے اُس کو پُر کرنا ہے تاہم، پچھلے نو سالوں سے بھاجپا حکومت نے ملک میں معاشی ترقی کو یقینی بنایاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مشن کے مستفید ہونے والے بنیادی طور پر جموں کشمیر کے لوگ ہیں۔رانا نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اہم تبدیلی آئی ۔موصوف نے کہا کہ اس تبدیلی سے مختلف مرکزی اسکیموں اور فلاحی پروگراموں کے نفاذ میں رکاوٹوں کو دور کر دیاگیا ہے پسماندہ طبقات کی ستر سال سے محرومی اور انکار کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ’’غریبوں، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنا کر، ہنر مندی کو فروغ دے کر، اختراع کو فروغ دے کر اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی ایک ایسے ملک کی تشکیل میں یقین رکھتے ہیں جہاں خوشحالی کوئی سماجی و اقتصادی سرحدیں نہیں جانتی‘۔دیویندر رانا نے ترقی، سائنس اور ٹکنالوجی، اقتصادی امور کے تمام شعبوں میں ملک کی طرف سے درج کردہ پیش رفت کا تفصیل سے ذکر کیا جس نے ہندوستان کو دنیا کی پانچویں اقتصادی طاقت بننے کے قابل بنایا ہے۔