سرینگر// حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے چاڈورہ میں پیش آئے سانحے پر اپنے دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف ہمارے نوجوانوں کی نسل کاٹی جارہی ہے اور دوسری طرف ہندنواز سیاست دان اپنا سارا زور الیکشن ڈرامے کو کامیاب بنانے اور حقیر مفادات حاصل کرنے پر لگارہے ہیں۔ چاڈورہ معرکے میں جان بحق ہونے والے عسکریت پسند توصیف احمد وگے کے جلوسِ جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ ہندنواز سیاسی پارٹیاں کشمیر میں بھارت کے لیے واحد پُل کا کام کررہی ہیں اور لوگ جب تک ان سے پوری طرح علیحدگی اختیار نہیں کرتے، ہمارے بچوں کا قتلِ عام جاری رہے گا اور ہم ان کے جنازے اُٹھاتے رہیں گے۔ گیلانی صاحب نیمہلوک نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس سانحے سے سوگوار ہوگئی ہے، البتہ ہندنواز سیاستدان اس موقع پر محض مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔ انہیں اس طرح کے قتلِ عام سے واقعی کوئی لینا دینا ہوتا اور ان کے ضمیر زندہ ہوتے تو پھر وہ اپنی بھارت نوازی کو خیرباد کہتے اور الیکشن ڈراموں سے علیحدگی اختیار کرتے۔ آزادی پسند رہنما نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنی جنگ ہار چُکا ہے اور بھارت کے پالیسی ساز خوب واقف ہیں کہ وہ کشمیریوں کا جذبۂ آزادی دبا نہیں سکتے ہیں، البتہ ہندنواز سیاستدان اِن کی واحد اُمید ہے اور وہ ان ہی کے سہارے ہمارے سروں پر سوار رہنا چاہتے ہیں۔ گیلانی نے 9؍اور 12؍اپریل کو منعقد کرائے جارہے انتخابی عمل کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے کردار پر واقعی افسوس ہوتا ہے، جو نوجوانوں کے جنازے بھی روزدیکھتے ہیں اور پھر ہندنواز سیاستدانوں کے ساتھ بھی میل جول رکھتے ہیں اور ان کے معاون اور مددگار بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ قومی حِس اور غیرت سے تو محروم ہیں، البتہ انہیں اپنے ایمان کی بھی خیر منانی چاہیے۔ ہندنواز سیاستدانوں میں سے کوئی ایک بھی اس کردار کا حامل نہیں کہ ایک سچے مسلمان کے ووٹ کا مستحق ہو اور پھر جب یہ اقتدار میں آتے ہیں تو پھر شراب، منشیات اور بے حیائی کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کے خلاف رشوت، غبن اور سیکس اسکینڈل جیسے الزامات ہیں کہ منصفانہ تحقیقات ہوجائے تو ان سب کی جگہ جیل میں ہوگی۔ گیلانی نے کہا کہ جو لوگ ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں شہداء کے جنازوں میں شریک ہوتے ہیں، انہیں مجوزہ الیکشن ڈرامے کے موقع پر بھی اس ناحق بہائے جارہے خون کی قدر کرنی چاہیے اور اس کے ساتھ بے وفائی نہیں کرنی چاہیے۔ اس دوران میں سید علی گیلانی کی ہدایت پر ایک وفد جس میں صدرِ ضلع بڈگام تعشوق احمد بانڈے، سید ظہور الحق گیلانی، مولانا مدثر ندوی اور غلام محمد بنگرو اور مختار احمد چاڈورہ گیا اور وہاں شہید ہوئے تین معصوم زاہد رشید، عامر فیاض اور اشفاق احمد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کیا، جبکہ اس موقع پر تعزیتی اجتماعات سے خطابات بھی کئے۔ وفد نے شہداء کے لواحقین تک گیلانی صاحب کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔