جموں// ہندوستان کے اولین نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پرقومی ایکتا دیوس منایاگیا۔ اس سلسلے میں جموں میں میونسپل کارپوریشن کے تحت ’رن فاریونٹی‘ دوڑکااہتمام کیاجس کوریاستی نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ سردار پٹیل ‘ جدوجہد آزادی اور آزاد ہندوستان کے استحکام میں اُن کے رول کے لیے مردِ آہن کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سردار پٹیل نے ملک کے لیے عظیم قربانیاں دیں اور نمایاں کارنامے انجام دیے۔ہمیں اُن کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہیے۔ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے آنجہانی رہنماکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ سردار پٹیل کے اصول آج پہلے سے کہیں زیادہ ملک کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی بات کی۔پٹیل کے نظریات کو عملی شکل دینا اب ہماری ذمہ داری ہے۔