عشرت حسین بٹ
منڈی//بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی میں قومی یومِ انسدادِ دہشت گردی نہایت جذبے اور قومی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ پرنسپل انور خان کی نگرانی اور رہنمائی میں منایا گیا۔ اس دن کے انعقاد کا مقصد طلباء کو دہشت گردی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر ایک حب الوطنی پر مبنی نغمہ خوانی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں 8 باصلاحیت طلباء نے قومی یکجہتی کے موضوع پر دل کو چھو لینے والے نغمے پیش کئے۔ طلباء کی پرفارمنس کو حاضرین کی خوب داد ملی، اور ان کی حب الوطنی کا جذبہ قابلِ دید تھا۔ مقابلے کے فاتحین کو انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔تقریب کی نظامت فرزانہ انجم (لیکچرار) نے انجام دی، جنہوں نے خوبصورتی سے پروگرام کو آگے بڑھایا۔ پروگرام کا آغاز قومی ترانے کی پرسوز دھن سے ہوا، جس نے سامعین کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بیدار کیا۔ اختتام بھی قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا تاکہ اتحاد و یگانگت کا پیغام اجاگر ہو۔پرنسپل انور خان نے اس موقع پر یومِ انسدادِ دہشت گردی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ’’دہشت گردی امن اور ترقی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے،یہ خوف، تباہی اور تقسیم پھیلاتی ہے آج ہم ان معصوم جانوں کو یاد کرتے ہیں جو دہشت گردی کا شکار ہوئیں، اور ہم سب عہد کرتے ہیں کہ ہر قسم کی دہشت گردی اور نفرت کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں گے، ہمیں چاہیے کہ ہم بطور ذمے دار شہری امن کو فروغ دیں، نفرت کو مسترد کریں اور ایک محفوظ اور پرامن دنیا کے لیے کام کریں‘‘۔بعد ازاں انہوں نے طلباء اور عملے کو انسدادِ دہشت گردی کا حلف بھی دلایا، جس میں سب نے ایک پرامن اور متحد قوم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ہارون راٹھور، امریک سنگھ، منیر حسین، دیپک بالی، محمد طارق، اور بھوپندر سنگھ نے بھی خطاب کیا اور قومی ہم آہنگی و اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔