عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہینڈ لوم کے قومی دن کے موقع پر یونین ٹریٹری کے کاریگروں کو سلام پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ہینڈلوم شعبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے پیر کو ٹویٹ کرکے کہا: ‘میں ہینڈ لوم کے قومی دن پر جموں وکشمیر کے کاریگروں و دستکاروں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صدیوں سے تحفے میں ملی روایات کو محفوظ رکھا اور ان کو پروان چڑھایا’۔انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ‘ہم ہینڈلوم سیکٹر کی مربوط ترقی اور اس کے مصنوعات کی بر آمدگی کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں’۔بتادیں کہ ملک میں 7 اگست کو قومی ہینڈلوم دن کے بطور منایا جاتا ہے کیونکہ اسی دن سودیشی تحریک کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
کشمیر ہاٹ میںرجسٹریشن اسناداور مدرا منظور ی نامے تقسیم
عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//ڈائریکٹوریٹ ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کشمیر نے کشمیر ہاٹ سری نگر میں ہینڈ لوم کا قومی دِن منایا ۔ تقریب کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ کی صدارت میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر محمود احمد شاہ کے ساتھ منعقد ہوئی۔دورانِ تقریب ویور کمیونٹی میں ویوررجسٹریشن سر ٹیفکیٹس اور مدرا منظور ی نامے بھی تقسیم کئے گئے۔اِس موقعہ پر مختلف کلسٹروں کے سٹالوں اور سکول آف ڈیزائنز کے قدیم ٹیکسٹائل نوادرات بھی لگائے گئے جو صوبہ کشمیر کے ہینڈ لوم کے شاندار ورثے کو پیش کرتے ہیں۔محکمانہ سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش میں حصہ لینے والے بُنکروں میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے اور جے کے سنگل وِنڈو پورٹل کے ذریعے بُنکروں کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی گئی۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے مختلف محکمانہ سکیموں سے ہینڈ لوم سیکٹر کو فروغ دینے اور پشمینہ شالوں کی جی آئی ٹیگنگ کے اِنعقاد میں محکمہ کی کوششوں کو سراہا جو صوبہ کشمیر میں دستکاری کے تحفظ اور ہاتھ کی بُنائی کو فروغ دینے میں اِنقلابی ثابت ہوا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے ویور کمیونٹی کو مزید یقینی بنایا کہ جے کے ٹی پی او اور ہینڈ لوم سیکٹر کے دیگر محکموں سے بُنکروں کو مناسب مارکیٹنگ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
نئے ڈیزائن متعارف کرنے کی تجویز | وِیورزسروس سینٹرمیں تقریب منعقد
عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//وِیورز سروس سینٹر ( ڈبلیو ایس سی) سری نگر نے نویں ہینڈ لوم کا قومی دِن 2023 کی یاد میںکل یہاں کمیونٹی ہال نالہ بل نوشہر ہ میں ایک میگا تقریب کا اِنعقاد کیا۔اِس تقریب میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ محمود شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویورز سروس سینٹر( ڈبلیو ایس سی ) ، آئی آئی سی ٹی ، این ایچ ڈی سی کے اَفسران ، کاریگروں اور بڑی تعداد میں بُنکروں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر محمو د احمدشاہ نے پیداواری معیار کی سطح کو بہتر بنانے اور مارکیٹ کے جدید رُجحانات کے مطابق نئے ڈیزائن متعارف کرنے کی تجویز پیش کی جس سے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم شعبے کی ترقی میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ہینڈ لوم مصنوعات کو مختلف ذرائع سے فروغ دینے کی کوششوں کو تیز کرے گا اور دست کاروں اور بُنکرکمیونٹی کو ممکنہ خریداروں سے جوڑ کر اور ہینڈلوم بنانے والوں کے لئے فروخت میں اضافہ اور بہتر منافع کے کی خاطر حکومت کی کوششوں میں اضافے کے لئے سماج کے مختلف طبقوںکی حوصلہ اَفزائی کرے گا۔نیشنل ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے بلویندر سنگھ نے ہینڈ لوم بنانے والوں کو خام مال کی سپلائی سکیموں کے تحت سوت کی فراہمی کے بارے میں جانکاری دی ۔ویورز سروس سینٹر ، جو وزارتِ ٹیکسٹائل کے ترقیاتی کمشنر ( ہینڈ لوم ) کے تحت کام کرتا ہے ، بُنائی ، رنگنے اور ڈیزائننگ جیسے شعبوں میں سکل کی اَپ گریڈیشن کی تربیت فراہم کرتا ہے ۔