عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بی جے پی نے قومی نشان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ بی جے پی کے چیف ترجمان سنیل سیٹھی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس واقع پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور براہ راست ملوث افراد کے ساتھ ساتھ حملے کو اکسانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ترجمان نے اس معاملے کو انتہائی حساس اور خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد کشمیر میں انتہا پسندانہ جذبات کو زندہ کرنا ہے جیسا کہ 1990کی دہائی میں دیکھا گیا تھا۔سیٹھی نے حضرت بل درگاہ کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کیلئے وقف بورڈ خاص طور پر اس کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی کوششوں کی تعریف کی، جسے اب جنوبی ایشیا کے سب سے خوبصورت مذہبی مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے اشتعال انگیز پیغامات ٹویٹ کرکے اور غلط معلومات پھیلانے کے ذریعے جذبات کو بھڑکانے کے لیے سیاسی اداکاروں، خاص طور پر نیشنل کانفرنس کی کوششوں کی مذمت کی۔قومی نشان ہر ہندوستانی کا ہے۔ اس پر سیاست نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی بدامنی پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے‘‘۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نہ صرف ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرے جنہوں نے قومی نشان پر حملہ کیا بلکہ ان لوگوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے انہیں اکسایا اور اس کا جواز پیش کیا، بشمول سیاسی شخصیات جنہوں نے جرم کو معمول پر لانے کی حمایت کی یا کوشش کی۔