ڈوڈہ//روڈ سیفٹی اقدامات کے نفاذ کی جانچ کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے قومی شاہراہ (این ایچ) 244 کا وسیع معائنہ کرکے متعلقہ حکام کے ساتھ دیگر عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ڈوڈہ قصبے سے عسرکی طرف جانے والے راستے میںڈی سی نے پل ڈوڈ ہ ،کھلینی ، ملہوری ، کنڈیری ، جٹھی اورعسر کے علاقے میں پُر خطر حصوں کا معائنہ کیا جس پر متعلقہ حلقوں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام کو ہدایت کی کہ حادثات سے بچنے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے شناخت شدہ مقامات کو وسیع کیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ان سے کہا کہ تمام مطلوبہ مقامات پر کریش بیریئرز اور سنگ میل قائم کریں۔ڈی سی نے اے سی آر ڈوڈا کو این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام کے ساتھ مل کر قومی شاہراہ کے ساتھ تجاوزات کو خالی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اے آر ٹی او اور ریونیو حکام سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیونگ ٹیسٹ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کے لیے مطلوبہ تفصیلات کے مطابق زمین کی نشاندہی کریں۔ڈی سی نے روڈ سیفٹی کمیٹی کو آگاہ کیا کہ روڈ سیفٹی اقدامات اور عوامی حفاظت ایل جی کی اولین ترجیح ہے جسے ضلع میں من و عن نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں ڈی سی نے اپنے دفتر کے چیمبر میں این ایچ آئی ڈی سی ایل اور ریونیو کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی تاکہ متبادل سدھ مہادوکھلینی، ٹھاٹھری ہائی وے اور ٹھاٹھری سے چمبا ہائی وے کی تعمیر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے۔ڈی سی نے ثالثی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ این ایچ آئی ڈی سی ایل کے پیش کردہ تمام مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ جلد از جلد حل کرے تاکہ ضلع میں وقاری منصوبے کی پریشانی سے پاک تعمیر کی جاسکے۔
ڈوڈہ، بھدرواہ قصبوںمیں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹس کی اپ گریڈیشن ہوگی
ڈوڈہ//ڈوڈہ اور بھدرواہ قصبوں میں موجودہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹس کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کام کر رہی ہے۔نئی مشینیں لگائی جا رہی ہیں جن میں جڑواں بلدیات میں بیلر مشین ، شریڈر مشین ، کمپوزٹ مشینیں وغیرہ شامل ہیں۔ میونسپل کمیٹیاں ہر گھر کو کچرے کو الگ کرنے کے لیے مختلف رنگوں کے دو ڈسٹ بِن فراہم کرنے جا رہی ہیں۔یہ معلومات ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ڈاکٹر روی کمار بھارتی کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے ضلع میں ڈی ای پی پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بحث ہوئی جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ ، بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ ، ڈومیسٹک سیوریج مینجمنٹ اور واٹر ویسٹ مینجمنٹ ، ڈیمولیشن ویسٹ وغیر ہ شامل ہیں۔بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کا جائزہ لیتے ہوئے سی ایم او نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بائیو میڈیکل ویسٹ کو ہفتہ وار بنیادوں پر مقرر کردہ اصولوں کے مطابق اٹھایا جا رہا ہے اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے احاطے اور ضلع کے دیگر ہسپتالوں میں کچھ بھی نہیں رکھا جا رہا ہے۔بائیو میڈیکل ویسٹ کے علاوہ دیگر فضلہ ایم سی ڈوڈہ ایسوسی ایٹڈ ہسپتال سے روزانہ کی بنیاد پر معاہدے کے مطابق اٹھا رہا ہے۔پانی کے تحفظ کے حوالے سے ، اے ڈی سی نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آبی ذخائر ضلع میں آلودگی کا شکار نہ ہوں۔