لداخ، مغل روڑ، سنتھن ٹاپ سڑک رابطے بھی منقطع
محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ بدھ کو 9ویں روز بھی مکمل بند رہی۔ پچھلے 9روز میں صرف ایک روز دن کے اوقات میں کچھ گھنٹوں کیلئے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنایا گیا تھا تاکہ قریب 3500مال بردار گاڑیوں کو سرینگر اور جموں کی طرف نکالا جائے۔بدھ کو بھی ضلع رام بن میں موسم کی قہر سامانیوں کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کی صبح سے قہر بن کر برس رہی بارشوں کے سلسلے نے ادہمپور اور بانہال کے درمیان شاہراہ کو مزید نقصانات سے دوچار کیا ۔ 26 اگست سے 2 ستمبر تک شاہراہ کو صرف پیر کی صبح کچھ گھنٹوں تک ضروری سامان سے لدھی محدود مال اور مسافر برادر گاڑیوں کیلئے یکطرفہ طور بحال کیا گیا تھا لیکن منگل کی صبح سے شروع ہوئی مسلسل بارشوں کے تازہ سلسلے نے ادہمپور اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر شاہراہ کئی مقامات پر تباہ کردیا۔ بانہال اور رام بن سیکٹر میں شالگڑی، ناچلانہ ، پنتھیال ، ماروگ اور پیڑا وغیرہ کے علاقوں میں سڑک اور حفاظتی دیواروں کے نکل جانے ، پیڑاہ میں ایک بھاری پسی کے ٹنل کی ایک سرنگ پر گرنے اور ادہمپور کے جھکینی ، تھرڈ ، بلی نالہ ، دیول اور سمرولی کے درمیان قریب دس کلومیٹر کے حصے میں کئی مقامات اور نئی ہی بنائی گئی عارضی سڑک سمیت شاہراہ کے متصل زمین کا دھنسنا مزید تباہی کا باعث بن گیا ہے ۔ اس ایس پی ٹریفک نینشل ہائی وے راجہ عادل نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں ایک درجن مقامات پر شاہراہ پتھروں اور پسیوں کی زد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادہمپور کے تھرڈ اور بلی نالہ کے علاقوں میں شاہراہ کی عارضی بحالی کے حوالے سے اب تک کیا گیا تمام کام مکمل طور سے تباہ ہوگیا ہے اور ادہمپور سے قریب پانچ کلومیٹر دور تھرڈ کے علاقے میں ایک پوری پہاڑی تیزی کے ساتھ کھسک رہی ہے اور قومی شاہراہ کو اپنے ساتھ نیچے لا رہی ہے۔ادھرتازہ لینڈ سلائیڈنگ سے زوجیلا روڈ بند ہوگیا ہے۔مسلسل بارش کے باعث زوجیلا پاس پر بجری نالہ میں تازہ مٹی کے تودے گرنے سے سرینگر-لیہہ ہائی وے کو بند کرنا پڑا اور کشمیر اور لداخ کے درمیان ٹریفک میں خلل پڑا۔ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے تک شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند رہے گی۔دریں اثناء مغل روڑ اور سنتھن ٹاپ کی سڑکیں بھی بند پڑی ہیں۔