عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے سرینگر جموں قومی شاہراہ مسلسل بندرہنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جس سے وادی میں تجارت اور ضروری سامان کی فراہمی معطل ہے۔چیمبر کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ اور موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے شاہراہ بلاک ہونے کے نتیجے میں پھل، مویشی، سبزیاں، کریانہ اور دیگر سامان لانے اور لیجانے والے ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔چیمبر کے مطابق اس خلل نے پورے کشمیر میں غذائی اشیاء اور روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء کی قلت نے قیمتوں میں زبردست اضافہ کو جنم دیا ہے۔کے سی سی آئی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بندش کے دوران سپلائی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہنگامی منصوبے کی کمی نے بحران کو مزید خراب کر دیا ہے اورمتعدد شعبہ جات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ موصولہ بیان کے مطابق باغبانی کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہے کیونکہ پھلوں سے لدے ٹرک دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔ سبزیوں، ڈیری، پولٹری اور مویشیوں جیسی خراب ہونے والی اشیاء کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔گہرے ہوتے ہوئے بحران کو اجاگر کرتے ہوئے چیمبر نے انتظامیہ بشمول لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ مغل روڈ پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنایا جائے جب تک سرینگر جموں شاہراہ کوبحال نہیں کیا جاتا۔چیمبر نے تاجروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھ کر تحمل کا مظاہرہ کریں۔