محمد تسکین
بانہال // محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق پیر کی صبح سے ہی ادہم پور ۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شروع ہوئی تیز اور درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا اور بارشوں کی وجہ سے ادہم پور اور رام بن اضلاع میں کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سےجموں سرینگر قومی شاہراہ مجموعی طور کم از کم تین گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ۔ تیز بارشوں کی وجہ سے شاہراہ رام بن کے ماروگ ، بیٹری چشمہ اور ادہم پور کے جکھینی میں سڑک پر پتھروں ، پسیوں اور ملبہ کے گر آنے کی وجہ سے بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے ادہم پور ، رام بن ، بانہال اور قاضی گنڈ سمیت شاہراہ کے مختلف مقامات پر پیر کی صبح ساڑھے نو بجے سے روکے گئے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی کا یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے راجہ عادل حمید نے شاہراہ کا جائزہ لینے کیلئے بانہال کا دورہ کیااور اپنے دورہ بانہال کے دوران انہوں نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رام بن کے ماروگ اور منکی موڑ بیٹری چشمہ میں شاہراہ کئی بار بند رہنے کے بعددوبارہ بحال کی گئی ہے اور وقفے وقفے کی بارشوں کے بیچ شاہراہ پر دونوں طرف کا مسافر ٹریفک اپنی اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہا تھا جبکہ ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ راجہ عادل نے مزید کہا کہ آج صبح ادہم پور کے جکھینی علاقے میں بھی شاہراہ کچھ وقت تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں شاہراہ کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے پتھر گر رہے ہیں اور گاڑی والوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بغیر کسی ضروری کام کے شاہراہ کا سفر ترک کریں اور بڑی احتیاط اور صبر وتحمل کے ساتھ اپنی ڈرائیونگ کریں ۔