محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی یکطرفہ نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور منگل کے روز مسافر اور مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی صبح سے مسافر گاڑیوں کو صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک قاضی گنڈ ۔ بانہال نویگہ ٹنل پار کرکے جموں کیطرف جانے کی اجازت تھی جبکہ اس دوران جموں سرینگر کی طرف کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرکوں کو قاضی گنڈ سے جموں کیطرف جانے دیا گیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔انہوں نے کہا کہ ادہم پور کے تھرڑ ، بلی نالہ ، دیول پل اور رام بن ضلع کے کشتواڑی پتھر اور شیر بی بی کے مقامات پر شاہراہ کی حالت خراب ہے اور یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے۔ انہوں نے کہا مختلف مقامات پر پانچ مال گاڑیوں کے خراب ہونے اور خانہ بدوش بکروال کنبوں کی بھیڑ بکریوں سمیت نقل وحرکت حرکت کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی سست رفتار رہی ۔ انہوں نے گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر لین ڈرائیونگ میں چلیں اور ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کریں ۔