محمد تسکین
بانہال// منگل کے روز کم از کم دس گھنٹوں بند رہنے کے بعد شاہراہ پر بدھ کے روز معمول کے یکطرفہ ٹریفک کو بحال کیا گیا اور بدھ کی صبح سے مسافر گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں جانے کی اجازت تھی جبکہ قاضی گنڈ میں سیب سے لدھی گاڑیوں کو بھی قاضی گنڈ سے جموں کیطرف جانے کی اجازت تھی ۔ وادی کشمیر سے جموں جانے والی مسافر گاڑیوں کو صبح 7 بجے سے 10 بجے تک کے مقررہ اوقات کے اندر اندر قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل پار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں سے سرینگر کی جانب کسی بھی مسافر بردار گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں تھی تاہم جموں سے ضلع ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن کی طرف جانے والی مسافر گاڑیوں کو ن صبح 7بجے سے 10بجے تک نگروٹہ پار کرنے کی بندش تھی جبکہ ڈوڈہ ، کشتواڑ اوررام بن کے اضلاع سے جموں کا سفر کرنے والی گاڑیوں کو صبح دس بجے سے پہلے ناشری ٹنل پار کرنے کے اوقات مقرر کئے گئے تھے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ بدھ کی شام تک ٹریفک کی نقل و حرکت جاری تھی اور کشمیر سے جموں جانے والے ٹرکوں کے تھرڑ کا علاقہ پار کرنے کے بعد ادہم پور سے مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو کشمیر وادی کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔