محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ڈھلواس کی دھنستی سڑک اور مہاڑ کے مقام سڑک کا ایک حصہ ڈھہ جانے کی وجہ سے قومی شاہراہ ان دونوں مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور اس صورتحال نے یہاں شدید ٹریفک جامنگ اور گاڑیوں کی سست رفتار کو معمول بنا کر رکھ دیاہے۔ ڈھلواس اور مہاڑ کے مقام روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مسافروں اور بڑی تعداد میں کشمیر کی سیاحت پر آرہے سیاحوں کو ٹریفک جامنگ کا سامنا رہتا ہے اور کبھی کبھار مسافر اور مال گاڑیوں کو گھنٹوں کے حساب سے قیمتی وقت ٹریفک جام کی نذر ہو جاتا ہے۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سے جگہ جگہ پر ٹول ٹیکس لیا جارہا ہے اور اس میں ہر چھ مہینے بعد اضافہ کیا جاتا ہے مگر رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں جموں قومی شاہراہ کی حالت دگر گوں ہے اور مسافروں کو درپیش مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے شاہراہ پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور گاڑی والوں کو جموں سے اونتی پورہ تک قائم ٹول پلازہ پر مسلسل لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی ابتر صورتحال کے باوجود ٹول ٹیکس کو ہر سال میں کئی بار بڑھایا جاتا ہے ۔ جموں اور سرینگر کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے مسافر گاڑی والوں نےبتایا کہ ناشری ٹول پلازہ پر جہاں بلا روک ٹوک ٹول ٹیکس وصولا جاتاہے وہیں ڈھلواس اور مہاڑ کے علاوہ کئی مقامات پر سڑک خراب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور مہاڑ کے مقام شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور روز روزانہ گھنٹے دو گھنٹہ ٹریفک جام میں پھنسا رہنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جامنگ کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان سفر دشوار ہوگیا ہے اورجموں و کشمیر کے ہزاروں مسافروں کے ساتھ ساتھ غیر ریاستی سیاحوں کو سڑک کی صورتحال سے کوفت کا سامنا ہے اور ہر کوئی نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا ، انتظامیہ ، ٹریفک پولیس اور تعمیراتی ایجنسیوں کو کوستے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں بات کرنے پر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈھلواس کے مقام پسیوں کی وجہ سے دھنس رہی سڑک کی وجہ سے سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور بارشوں میں یہاں کئی کئی بار سڑک کی صفائی کرکے ہی ٹریفک کو چلایا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈھلواس میں خراب سڑک کو بائی پاس کرنے کیلئے ایک ویاڈکٹ/ فلائی اوور زیر تعمیر ہے اور اس فورلین ویا ڈکٹ کا بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے اور بقایا کام کو آئندہ چند ماہ میں مکمل کرنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاڑ رام بن کے مقام پچھلے دنوں کی بارشوں کے دوران سڑک کا ایک حصہ ڈھہ گیا ہے اور وہاں دیوار بندی کرنے اور ٹریفک کو وہاں زیر تعمیر کٹ اینڈ کور سے بحالی کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاڑ کے مقام مشکل سے ایک ہی گاڑی گزرتی ہے اور یہاں باری باری سے بھاری ٹریفک کو چلانا بڑا دشوار ہے اور اسی وجہ سے یہاں ٹریفک جام اور ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور مہاڑ کے دونوں حصے چند مہینے کے اندر اندر بہتر کئے جائینگے تاکہ معمول کے مطابق دوطرفہ ٹریفک کو ممکن بنایا جا سکے ۔