بانہال // بانہال میں پولیس اور فوج نے جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر بڑے پیمانے پر چیکنگ اور تلاشی کاروائیاں انجام دی ہیں ۔ پیر کے روز شروع کی گئی کاروائی کا مقصد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنا اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جانا ہے ۔یہ مشترکہ کارروائی ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کرنے کی جاری حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ کارروائی کے دوران مختلف شاہراہ کے کئی مقامات پر ناکے قائم کیے گئے جن میں گاڑیوں، مسافروں اور ان کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس مہم میں فوج اہلکار اور کھوجی کتوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی رام بن ارون گپتا نے کہا کہ جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ حفاظتی نقطۂ نظر سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے ایسی تلاشی کارروائیاں ممکنہ ملک دشمن عناصر اور اسلحہ کی نقل و حمل کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضلع رام بن میں کوئی بھی شہری کسی بھی مشتبہ فرد یا مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس تھانے یا پولیس کنٹرول روم نمبرز پر دی جائے ۔اسی دوران ضلع رام بن میں بڑے پیمانے پر گھر گھر تلاشی آپریشنز بھی جاری ہیں جن کا ہدف ان افراد کے گھروں اور رشتہ داروں کی جانچ ہے جو مبینہ طور پر پاکستان یا مقبوضہ کشمیر میں مقیم ہیں یا جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ اوور گراؤنڈ ورکرزسے وابستہ ہو سکتے ہیں۔ یہ آپریشنز پر بانہال اور گول سب ڈویژن میں انجام دیے گئے۔ تلاشی کے دوران متعدد گھروں میں تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ کسی قسم کی غیر قانونی یا ملک مخالف سرگرمیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔