محمد تسکین
بانہال// اتوار کی رات لگ بھگ نو بجے خشک موسم میں بھی رام بن کے ماروگ علاقے میں شاہراہ کا ایک بڑا حصہ دھنس جانے کی وجہ سے شاہراہ کو دونوں طرف کے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا اور قریب سولہ گھنٹے تک بند رہنے کے بعد پیر کے روز دن کے ڈیڑھ بجے سے شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنا کر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جبکہ پیر کی شام سے قاضی گنڈ سے ٹرکوں اور ٹینکروں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ پچھلے کئی روز سے جنگی ماحول کے سائیوں نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بھی معمول کے ٹریفک کا نظام اثر انداز کر دیا ہے اور پیر کو بھی بہت کم مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا جبکہ قاضی گنڈ کے مقام جموں جانے کے منتظر ٹرکوں اور ٹینکروں کی تعداد بھی معمول سے بہت کم بتائی جاتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ رام بن اور بانہال کے خونین سیکٹر میں شاہراہ کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کیطرف سے ماروگ ، ڈگڈول ، خونی نالہ اور پتنی ہال کے بدنام اور خطرناک مقامات کو بائی پاس کرنے کیلئے قریب چھ کلومیٹر لمبے ٹنلوں اور مکرکوٹ سے شیر بی بی کے درمیان نالہ بشلڑی کے بیچ سے قریب ساڑھے پانچ کلومیٹر لمبا ویا ڈکٹ یا فلائی اوورز زیر تعمیر ہیں ۔ فورلین پروجیکٹ پر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے بیشتر کاموں کی طرح یہ پروجیکٹ بھی بنیادی ٹھیکیدار کمپنیوں نے دیگر کمپنیوں کو سب لٹ کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے ٹنل اور ویا ڈکٹ کے کام سست رفتار اور اپنی ڈیڈ لائین سے بہت پیچھے چل رہے ہیں۔ اس پروجیکٹ سے جڑے حکام کا کہنا ہےکہ رام بن بانہال سیکٹر میں آدھ درجن سے زائد ٹنلوں اور ویا ڈکٹ سے سڑک حادثات اور زمین کھسکنے کے واقعات تقریباً ختم ہو جائینگے اور لوگوں کو سڑک کا محفوظ سفر میسر رہیگا اور اس پروجیکٹ کی تکمیل مزید چند برسوں کا وقت لے سکتی ہے۔ رام بن کے ماروگ علاقے میں سڑک کے نکل جانے کی وجہ سے شاہراہ پر پیدا ہوئی صورتحال کے بارے میں کشمیر عظمیٰ سے بات کرنے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا پرشوتم کمار نے بتایا کہ را م بن کے ماروگ علاقے میں گزشتہ رات سوا نو بجے سڑک کا ایک حصہ نکل جانے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو روک دینا پڑی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار رات شاہراہ کے بند ہونے کے فوراً بعد بحالی کا کام شروع کیا گیا اور پیر کی دوپہر بعد قریب ایک بجے ماروگ کے مقام سڑک کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بناکر شاہراہ کو بحال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہا ماروگ کے مقام سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور ٹریفک پولیس حکام دوطرفہ مسافر ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ کے مقام پر شاہراہ کو دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے کام جاری ہے۔