محمد تسکین
بانہال// جمعرات کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں جبکہ مال بردار ٹرکوں نے کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں سفر کیا۔ جمعرات کی صبح سے بانہال ۔ رام بن سیکٹر میں آسمان پر ہلکے ہلکے بادل بھی چھائے رہے ۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے سرینگر اور جموں سے مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی اور نگروٹہ اور قاضی گنڈ ٹنل پار کرنے کیلئے ٹریفک پولیس کی طرف سے مقررہ اوقات کے اندر اندر ہی مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرکوں کو قاضی گنڈ نویگہ ٹنل سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی اور سینکڑوں کی تعداد میں جموں جانے والی مال گاڑیوں کا یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔