محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت جہاں بغیر کسی خلل ہے جاری یے وہیں اتوار کو چوتھے روز بھی جموں سےامرناتھ یاترا کو معطل رکھا گیا اور اس کیلئے موسمی خرابی اور بارشوں کی وجہ سے پہلگام اور بالتل کے ٹریک کو پہنچے نقصان کی مرمت کو وجہ بتایا گیا یے ۔اتوار کے روز رامبن اور بانہال کے سیکٹر میں موسم ابرآلود رہا اور بیچ بیچ بھی دھوپ بھی نکلتی رہی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا شاہراہ پر دونوں طرف سے مسافر ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو چوتھے روز بھی جموں سے امرناتھ یاترا کو موسمی خرابی کے باعث کشمیر کیطرف جانے کی اجازت نہیں تھی تاہم بالتل کے راستے پوتر گھپا کے درشن کے بعد 4395یاتریوں نے 450گاڑیوں میں جموں کا سفر کیا اور اتوار شام تک یہ قافلہ جموں پہنچ چکا تھا۔