محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سڑک حادثات کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کی صبح ایک ٹرک کے کھائی میں گرجانے سے ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ اس کا کنڈیکٹر معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ نکلا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جموں سے سرینگر کی طرف جانے والا ٹرک خونی نالہ کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر نیچے کھائی میں گر گیا اور حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بچائو ٹیموں نے دیکھا کہ ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی لقمہ اجل بن چکا تھا جبکہ ٹرک کنڈیکٹر ٹرک کے کھائی میں گرنے سے پہلے ہی ٹرک سے کود گیا تھا اور معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ نکلا ۔ پولیس نے مہلوک ڈرائیور کی شناخت محمد عمر وار ساکنہ بمئی سوپور کے طور کی ہے جبکہ ٹرک کنڈیکٹر کی شناخت توفیق احمد کے طور کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ضابطہ کی کاروائی شروع کر دی ہے اور قانونی لوازمات کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کیا گیا ہے ۔اس دوران ریلوے سٹیشن بانہال کے اندر ایک بیرون ریاستی شخص صحت کی خرابی کی وجہ سے بیہوش ہوگیا اور ریلوے پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں نے بیہوش شخص کو فوری طور پر چند منٹوں کے اندر اندر بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج معالجے کے بعد اسے مستحکم کیا۔ اس شخص کی شناخت محمد طالب افسر عمر تیس سال ساکنہ ضلع بیڈ مہاراشٹر کے طور کی گئی اور محمد طالب تبلیغ کے سلسلے میں وادی کشمیر میں تھا۔