محمد تسکین
بانہال// بدھ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر طویل عرصے کے بعد مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ مال سے لدھی گاڑیوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو یکطرفہ ٹریفک میں جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت تھی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر بدھ کے روز دونوں طرف کے مسافر ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی تاہم مال گاڑیوں کو یکطرفہ ٹریفک میں ہی چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کو نگروٹہ پار کرنے کیلئے صبح 8بجے سے 11بجے تک چلنے کی اجازت تھی جبکہ قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل پار کرنے کیلئے مسافر گاڑیوں کو صبح 7بجے سے 10بجے تک کے اوقات کے اندر اندر چلنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر واقع بلی نالہ ، دیول پل ، ماروگ ، شیر بی بی اور کشتواڑی پتھر کے پاس سڑک کی حالت ٹھیک نہیں ہے اور یکطرفہ ٹریفک کے قابل کی ہے جس کیوجہ سے ٹریفک کی روانی سست رفتار ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ مال بردار ٹرکوں کا بیچ شاہراہ کے خراب ہونے اور مال مویشی سمیت کشمیر سے جموں کے میدانوں کی ہجرت کرنے والے خانہ بدوش گوجر بکروال کنبوں کی نقل و حرکت سے بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو جاتی ہے ۔