ایم ایم پرویز
رام بن//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چار لین پروجیکٹ کے رام بن-بانہال سیکشن پر کیلاموڑہ نالہ پر ایک اضافی دو لین پل کا کام مکمل ہو گیا اور پل کو منگل کی سہ پہر کو عارضی طور پر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا۔NHAI کی طرف سے مصروف ایک تعمیراتی کمپنی، CVPPL کے انجینئروں نے کہا کہ کیلاموڑہ پل پر کام مکمل ہو گیا ہے اور پل کو ٹریفک کے لئے عارضی طور پر کھول دیا گیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پل کی طرف جانے والی اضافی دو دو لین سڑکوں کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔وہ کریش بیریئرز، ڈرینز اور پیرا پیٹس پر کام کررہے ہیں اور باقی ماندہ کام کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فور لین پروجیکٹ کے رام بن – بانہال سیکشن پر کیلاموڑہ میں اس اضافی 75 میٹر طویل اہم دو لین پل پر کام ایک سال پہلے شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ رام بن فلائی اوور سے کیلاموڑہ تک ایک اضافی دو لین سڑک پر کام کا آخری مرحلہ جاری ہے اور تکمیل کے قریب ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چمبہ، سیری نالہ پر چار لین پل کے اضافی دو لین کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے اور اُسے بھی جلد ہی ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔دو دو لین والی موجودہ ہائی وے کو رام بن، ترسول موڑ سے کیلاموڑہ تک چار لین میں تبدیل کرنے کے لئے کھدائی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور کرش رکاوٹیں کھڑی کرنے، نکاسی آبکے علاوہ دیگر متعلقہ کام جاری ہیں۔اس سے قبل کیلاموڑہ میں ایک دو لین ٹنل، T1 اور ایک پل تعمیر کیا گیا تھا اور جنوری 2023 میں دو طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سیری سے کیلاموڑہ جانے والی پرانی الائنمنٹ سڑک پر سڑک کی توسیع کا کام اور اضافی دو لین والے کیلاموڑہ پل کا کام جنوری 2023 میں شروع کیا گیا تھا۔
قومی شاہراہ پر زیر تعمیر کیلا موڑہ اضافی پل کا کام مکمل | عارضی طورپر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا