عظمیٰ نیوز سروس
اودھم پور//ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس اودھم پور-ریاسی رینج نے ڈپٹی کمشنر اودھم پورایس ایس پی ٹریفک اور ایڈیشنل ایس پی کے ہمراہ نیشنل ہائی وے 44 کے جکھانی سے چنانی تک کے اس حصے کا تفصیلی معائنہ کیا جو حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈز سے شدید متاثر ہوا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے جاری ملبہ ہٹانے اور بحالی کے کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عملے کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے تاکہ روڈ کو جلد از جلد قابل آمدورفت بنایا جا سکے۔ڈی سی اودھم پور نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور ہموار آمدورفت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زمینی عملے پر زور دیا کہ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ مشینری اور افرادی قوت تعینات کی جائے تاکہ بحالی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ڈی آئی جی سارہ رضوی نے بھی بحالی کاموں کے دوران مسافروں کی حفاظت اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹریفک کو مؤثر طریقے سے ریگولیٹ کرنے اور بروقت ایڈوائزری جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کے مطابق، اگر موسم صاف رہا تو اودھمپور-چنانی حصے پر آمدورفت آج شام تک بحال ہو جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مکمل بحالی تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔