محمد تسکین
بانہال//جمعہ کی صبح 18 روز بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف آنے کی اجازت دی گئی جبکہ جمعرات کے روز مسافر اور ضروری سامان سے لدھی گاڑیوں کو جموں سے سرینگر آنے کی اجازت تھی ۔ جمعہ شام دیر تک سینکڑوں میوہ ٹرکوں کو بھی قاضی گنڈ سے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور کے تھارڈ علاقے میں شاہراہ ابھی تک مکمل طور بحال نہیں کی جاسکی ہے اور سڑک کی خراب صورتحال کے پیش نظر حکام نے جمعہ کے روز جموں سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ تھارڈ کے مقام پرشاہراہ پر مال گاڑیاں کیچڑ اور گیلی زمین میں دھنس رہی ہیں اور بڑی مشکل سے مال بردار گاڑیاں اس سیکٹر کو عبور کررہی ہیں۔جمعہ کی شام ٹریفک انتظامیہ نے بتایا کہ تھارڈ میں سڑک دھنسنے کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ناشری، چنینی، چندرکوٹ اور ڈوڈہ شاہراہ پر عسر کے مقامات پر کٹ آف پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کو مرحلہ وار نکالا جاسکے۔