محمد تسکین
بانہال // منگل کی شام جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو کے ناچلانہ میں سیبوں سے لدا ٹرک نیچے گہرے نالہ بشلڑی میں جاگرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی لقمہ اجل ہوا ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس نے اس حادثے میں ہلاک ہوئے شخص کی شناخت 48 سالہ عبدالمجید لون ولد محمد مقبول لون ضلع کپواڑہ کے طور کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق یہ ٹرک نمبرJK-09B/ 2814سرینگر سے جموں کی طرف جا رہا تھا کہ منگل کی شام ناچلانہ کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر نالہ بشلڑی میں جا گرا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں، رامسو پولیس، قریبی 23 آر آر کی فوجی ٹیم ، این جی او بانہال والنٹیرس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔پولیس کے مطابق سرد پانی میں ریسکیو کارروائی ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران ایک شخص مردہ حالت میں ملا جبکہ دو زخمیوں کو زندہ بچا لیا گیا۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے فوری طور پر فوج کیمپ میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا جبکہ مہلوک کی لاش سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال پہنچائی گئی ہے ۔ رامسو پولیس نے مزید کاروائی شروع کی ہے۔ادھرادھم پور کی جانب جانے والی ایک منی بس دہلپرکے نزدیک ایک موڑ پر پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم پندرہ مسافر زخمی ہوگئے جن میں متعدد سکولی بچے بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر زخمیوں کو تباہ شدہ گاڑی سے نکالنے کا کام شروع کیا۔ تمام زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ایسوسی ایٹڈ اسپتال اُدھم پور منتقل کیا گیا، جہاں طبی عملہ شدید زخمیوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ منی بس ایک موڑ پرقابو سے باہر ہوگئی، تاہم حادثے کی صحیح وجہ جانچ کے بعد ہی معلوم ہوگی۔ افسران نے جائے حادثہ پر جا کر شواہد جمع کیے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے۔