محمد تسکین
بانہال// جمعرات کی صبح سے ہی ضلع رام بن کے علاقوں میں موسم خوشگوار تھا اور کئی روز کے ابرآلود اور ہلکی بارشوں والے موسم کے بعد کھلی دھوپ نکل آئی تھی تاہم دوپہر بعد سے موسم پھر سے ابرآلود ہوگیااور ہلکی ہوائیں چل رہی تھیں۔ بدھ کے روز کم ازکم چار گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جمعرات کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جاری تھا اور سیری اور کیلا موڑ ٹنل کے پاس بدھ کے روز گر آئی پسیوں کو صاف کرنے کے بعد جزوی طور بحال کی گئی شاہراہ کو مکمل طور سے بحال گیا اور دونوں لینوں سے دو طرفہ مسافر ٹریفک اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے البتہ مال بردار ٹرکوں کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی ۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر امرناتھ یاترا ٹریفک کے علاؤہ دیگر ٹریفک معمول کے مطابق چل رہا ہے اور دونوں طرف کے مسافر ٹریفک میں سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے پہلگام کے راستے 95 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں 2668یاتریوں کو روانہ کیا گیا جبکہ جموں سے بالتل کے راستے پوتر گھپا کی طرف جانے والے یاتریوں کی تعداد 832تھی اور وہ 45چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سوار تھے اور یوں کل ملا کر 3500امرناتھ یاتریوں نے 140گاڑیوں میں کشمیر کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ درشن کے بعد پہلگام اور بالتل سے واپس آنے والے یاتریوں نے جموں کا سفر کیا ۔ انہوں نے گاڑی والوں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز شاہراہ پر آنے سے پہلے شاہراہ کی مکمل جانکاری حاصل کریں اور اس کیلئے وہ جموں و کشمیر ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کی طرف سے جاری ایڈوائزری اور دیگر اطلاعات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔