محمد تسکین
بانہال//جمعرات کی شام برفباری سے پیدا ہوئی پھسلن کے نتیجے میں بند کی گئی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کے ٹریفک کو جمعہ کی صبح سے بحال کیا گیا اور دونوں طرف سے مال اور مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال سریندر پال سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی شام رامسو اور بانہال کے درمیان برفباری کی وجہ سے پیدا ہوئی پھسلن کے نتیجے میں درماندہ ہوئی گاڑیوں کو رات میں ہی نکالا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو موسم بہتر تھا صبح سے ہی دھوپ نکلی آئی تھی اور برف کو شاہراہ سے صاف کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ جمعہ کی صبح سے دونوں طرف کے ٹریفک کو معمول کی طرح بحال کیا گیا ۔اس دوران جواہر ٹنل کے آر پار جانے والی سابقہ قومی شاہراہ سے بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے برف صاف کرکے اسے قابل آمدورفت بنائے رکھا۔ جواہر ٹنل کے راستے 35کلومیٹر لمبی بانہال ۔ قاضی گنڈ کی سابقہ قومی شاہراہ بیکن کے زیر انتظام ہے اور بیکن کی مشینری نے جمعرات شام اور جمعہ کی صبح اس شاہراہ کو بانہال سے قاضی گنڈ تک برف صاف کرکے ٹریفک کے قابل بنائے رکھا۔ بانہال ۔ قاضی گنڈ فور لین ٹنل کے بعد جواہر ٹنل والی سابقہ شاہراہ کو گیس ، پیٹرول اور دیگر دھماکہ خیز مواد لیکر جانے والے ٹینکروں اور گاڑیوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔