محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ 18گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال ہوگئی ہے جس کے بعد درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ رام بن کے ماروگ علاقے میں ٹنل نمبر 2 کے دہانے پر بدھ کی علی الصبح گر آئی ایک بھاری پسی کی وجہ سے 270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ور شام تک سڑک کی بحالی کا کام گرتے پتھروں کی وجہ سے بار بار متاثر ہو رہاتھا تاہم دیر رات نو بجے یہاں شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بدھ کی صبح جموں سے شری امرناتھ یاترا کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وادی کشمیر کے بالہ تل ، سرینگر اور پہلگام سے بھی درشن کرکے واپس آرہے امرناتھ یاتریوں کو شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں تھی۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے مسافروں اور سیاحوں کو لیکر آرہی سینکڑوں مسافر گاڑیوں کو بھی قاضی گنڈ ، ادہم پور اور نگروٹہ سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ ریل گاڑی کے ذریعے بانہال پہنچے سینکڑوں مسافر بھی شاہراہ کے کھلنے کے انتظار میں بانہال میں ہی درماندہ ہیں۔ رام بن کے ماروگ علاقے میں گر ائی بھاری پسی کے پیش نظر شاہراہ کی بحالی میں طوالت کو دیکھتے ہوئے سینکڑوں مسافروں نے پسی کے آر پار پیدل سفر کے زریعے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا جبکہ سینکڑوں مسافروں نے قاضی گنڈ ، نگروٹہ اور ادہم پور سے واپسی کی راہ لی ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رامبن روہت بسکوترا نے بتایا کہ ماروگ کے مقام شاہراہ کی بحالی کیلئے مشینری اور افراد قوت کام پر لگی ہوئی ہے اور وقفے وقفے سے پتھروں کے گرنے کا سلسلہ بھی جاری تھااور دیر رات شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کرکے درماندہ ٹریفک چھوڑ دیاگیا ۔ادھرسری نگر- جموں قومی شاہراہ بند ہونے کے پیش نظر بدھ کے روز جموں کے بھگوتی نگر بیس کمیپ سے یاتریوں کا کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ معطل رہا۔جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘رام بن میں ٹی 2 مروگ پر ایک بھاری بھرکم مٹی کا تودا گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے’۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر بحالی کا کام جاری ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ بحالی کا کام مکمل ہونے تک شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے اجتیاب کریں۔