محمد تسکین
جموں//جموں سرینگر قومی شاہراہ اتوار کو مسلسل چھٹے دن بھی بند رہی ۔ اہم سڑک کو ٹریفک کے قابل بنانے کی کوششوں میں مسلسل بارش اور تازہ مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔حکام کے مطابق جموں سرینگر ہائی وے کا ایک حصہ تین مقامات پر دھنس گیا ہے اور شاہراہ پر دراڑیں اور شگاف پڑ گئے ہیں۔ٹریفک حکام کے مطابق چینی اور جکھینی ادہم پور کے درمیان بنی نالہ کے قریب،دیول برج اورپھراد کے 3 مقامات پر شاہراہ 60سے 10فٹ تک ڈھہ گئی ہے اور شاہراہ لگاتار دھنس رہی ہے۔ اسکے علاوہ چیننی اور ادہم پور سیکٹر میں اتوار کو بھی لینڈ سلائینگ کی وجہ سے تین مقامات بنی نالہ، دیول برج اور سمرولی میں شاہراہ کے دونوں ٹیوبوں پر پسیاں گر آئیں۔ایس ایس پی ٹریفک، ادھم پور کے مطابق، “تقریبا ً50-60 میٹر کا اوپری حصہ، جو تھراڈ پل سے متصل ہے، گرنے سے نیچے کا ٹیوب بھی بند ہوگیاہے۔ تھراڈ پل اور بلی نالہ کے درمیانی حصہ مسلسل دھنس رہا ہے۔”انہوں نے کہا کہ بارشوں کے درمیان پورا حصہ لگاتار دھنس رہا ہے، اور نئے ریمپ کی جگہ بھی اس سنکنگ زون کے نیچے آ رہی ہے، جس نے اب دونوں ٹیوبیں بلاک کر دی ہیں۔ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے بھی اس واقعے کے بعد مسافروں کو NH44 استعمال کرنے سے خبردار کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے لکھا، “تھراڑ کا پورا حصہ بارشوں سے مسلسل دھنس رہا ہے۔ نئے ریمپ کی جگہ بھی نیچے آ گئی ہے، جس سے دونوں ٹیوبیں بلاک ہو گئی ہیں۔ مسافروں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ جب تک بحالی مکمل نہیں ہو جاتی وہ سفر سے گریز کریں۔”حکام نے بتایا”ہفتے کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا تھا، پھنسے ہوئے گاڑیوں کونکالا گیا لیکن تھراد پل سے بالی نالہ کے شارٹ پٹرول پمپ تک سڑک کے اوپری حصے میں زمین کا ٹکڑا دھنسنے لگا،” ۔انہوں نے کہا کہ اسکے بعد دونوں اطراف سے ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ “۔ پروجیکٹ مینیجر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا رام بن، شوبم نے کہا کہ موسلادھار بارش ملبے سے سڑک کو صاف کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا”چنینی اور ادھم پور کے درمیان تھراد میں 150 میٹر لینڈ سلائیڈنگ نے ہائی وے کے ایک ٹیوب کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور دوسری ٹیوب کو بھی خطرہ ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی بحالی کا کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے موسم کی بہتری کا انتظارہے۔ادھم پور سمیت جموں خطہ کے وسیع حصوں میں صبح سے ہی موسلادھار بارش ہوئی جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں شہر میں گوجر نگر اور سدھرا کو پنجتیرتھی کے راستے جوڑنے والی سرکیولر روڈ کو سڑک پر نظر آنے والی پہاڑی سے پتھر برسائے جانے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ٹریفک محکمہ نے بتایا کہ متعدد مقامات پر پتھروں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک بند ہے۔