محمد تسکین
بانہال // 19اور 20اپریل کی درمیانی رات سے اتوار کی صبح تک قریب چھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارشوں ، ژالہ باری اور بادلوں کے پھٹنے کی وجہ سے رام بن ضلع میں سیلابی ریلوں اور بھاری پسیوں سے ہوئی تباہی کے نتیجے میں 270کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت منگل کو تیسرے روز بھی بند رہی ہے اور شاہراہ کے متاثرہ مقامات پر جنگی پیمانے پر بحالی کا کام چل رہا ہے۔طوفانی بارشوں سے آئے سیلابی ریلوں سے رام بن ضلع میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور نیشنل ہائے وے ا تھارٹی آف انڈیا کی طرف سے مہاڑ ، سیری ماروگ ، کیلا موڑ اور دیگر مقامات پر شاہراہ پر گر آئے ہزاروں ٹن ملبہ کو صاف کرنے اور اس کے نیچے دبی تین سو کے قریب گاڑیوں کو نکلالنے کا عمل جہاں منگل کو دوسرے روز بھی جاری ہے وہیں نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے ایک سینئرافسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کی بحالی 25اپریل یعنی جمعہ تک ہی ممکن ہو سکتی ہے اور اس کیلئے بحالی کا کام جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری ، ایس ایس پی رامبن کلبیر سنگھ ، ایس ایس پی ٹریفک راجہ عادل حمید اور پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ آئی پرشوتم کمار پھونسا اور پولیس اور ٹریفک آفسران شاہراہ بحالی کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں ۔ ضلع رام بن انتظامیہ اہم شخصیات کے دوروں میں مشغول رہنے کے باوجود شاہراہ کی جلد از جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے اور منگل آٹھ بجے بھی ضلع انتظامیہ کی یہ ٹیم کیلا موڑ میں بحالی کی نگرانی کر رہی تھی ۔ ضلع انتظامیہ کی ہر۔مکن کوشش ہے کہ شاہراہ کو کسی بھی طرح آج یعنی بدھ شام تک شاہراہ کو بحال کیا جائے۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ کی بحالی کام کے جاری سلسلے اور ٹریفک کی بحالی کے بارے میں بات کرنے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا پرشوتم کمار نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کو کہ تباہی سے دوچار مہاڑ اور ماروگ کے درمیان سڑک سے ہزاروں ملبہ کے ڈھیروں کو صاف کرنے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور کثیر تعداد میں مشینری اور افرادی قوت کام پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی جمعہ یعنی 25اپریل تک ہی ممکن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا سڑک کے جگہ بند ہونے کی وجہ سے کام پر لگی مشینری تک ایندھن پہنچانا بھی دشوار ہوگیا ہے اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متعدد مقامات پر تباہ ہوئی شاہراہ کی بحالی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔