آسان لین دین سے تیز، سہل اور بہتر سفرکیلئے پرعزم :گڈکری
سرینگر// سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ٹول پلازوں پر بڑھتے ہوئے تنازعات اور ہجوم کو کم کرنے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بنانے کے مقصد سے نجی گاڑیوں کے لیے تین ہزار روپے کا فاسٹ ٹیگ پر مبنی سالانہ پاس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے بدھ کوکہا کہ یہ پاس آئندہ 15 اگست سے دستیاب ہوگا اور فعال ہونے کی تاریخ سے ایک سال تک یا 200 سفر تک، جو بھی پہلے ہو، کے لیے ویلیڈرہے گا۔ گڈکری نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، “ایک تاریخی اقدام کے تحت 15اگست 2025سے 3,000 روپے کی قیمت والا فاسٹ ٹیگ پر مبنی سالانہ پاس شروع کیا جا رہا ہے ۔ یہ پاس فعال ہونے کی تاریخ سے ایک سال تک یا 200 سفر تک، جو بھی پہلے ہو، کے لیے ویلیڈ رہے گا۔ یہ پاس صرف غیر تجارتی نجی گاڑیوں (کار، جیپ، وین وغیرہ) کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے اور یہ ملک بھر کے قومی شاہراہوں پر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو ممکن بنائے گا۔” انہوں نے کہا کہ پاس کے تجدید کے عمل کو آسان اور ہموار بنانے کے لیے جلد ہی شاہراہ سفر ایپ اور قومی شاہراہ کی ویب سائٹ پر اس کے لیے ایک الگ لنک فراہم کیا جائے گا۔گڈکری نے کہا کہ یہ پالیسی 60 کلومیٹر کے دائرے میں واقع ٹول پلازوں سے متعلق طویل عرصے سے چلی آ رہی تشویشات کا حل کرے گی اور ایک ہی آسان لین دین کے ذریعے ٹول ادائیگی کو ہموار بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ پاس پالیسی انتظار کے وقت کو کم کرکے ، ہجوم کو گھٹا کر اور ٹول پلازوں پر تنازعات کو ختم کرکے ، لاکھوں نجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لیے تیز، ہموار اور بہتر سفر کے تجربے کے لیے بنائی گئی ہے ۔