عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// منیال تھنہ منڈی کی ہونہار طالبہ انابیہ جہاں خان دختر جہانگیر عالم خان نے قومی سطح کے نشانہ بازی مقابلوں (انڈر 14، CISCE-2025 اسپورٹس) میں اپنی جگہ بنا کر نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے جموں و کشمیر کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انابیہ جہاں خان، جو کہ اس وقت ساتویں جماعت کی طالبہ ہیں، نے پنجاب میں منعقدہ CISCE-2025 نشانہ بازی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے انڈر 14 کیٹگری میں قومی سطح کے لئے کوالیفائی کیا۔ یہ کامیابی اس نو عمر طالبہ کی انتھک محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر انابیہ کے والد، جہانگیر عالم خان (جنرل سیکرٹری، جموں و کشمیر رہبرِ تعلیم ٹیچر فورم) نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’الحمدللہ! میں اپنی بیٹی کی اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں، جس نے اسے عزت و افتخار سے نوازا۔ انابیہ نے قومی سطح پر جگہ بنا کر نہ صرف ہمارا بلکہ پورے علاقے کا وقار بلند کیا ہے۔ بطور والدین یہ لمحہ ہمارے لئے انتہائی مسرت اور فخر کا باعث ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے تعلیمی اور عملی سفر کو مزید کامیابیوں، حوصلوں اور درخشاں مستقبل سے نوازے‘۔جہانگیر عالم خان نے تمام حباب سے اپیل کی کہ وہ انابیہ جہاں خان کے لئے خصوصی دعا کریں تاکہ یہ بچی آنے والے مقابلوں اور زندگی کے دیگر امتحانات میں بھی کامیاب و کامران ہو سکے۔ انابیہ کی یہ کامیابی نہ صرف اس کے خاندان بلکہ پورے جموں و کشمیر کے لئے باعثِ فخر ہے، اور اس سے یہ امید بھی بندھتی ہے کہ تھنہ منڈی کے باصلاحیت بچے محنت اور ہمت کے بل بوتے پر قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارنامے انجام دیتے رہیں گے۔