سرینگر//ناظم زراعت کشمیر نے ایگریکلچر کمپلیکس لال منڈی میں این ایم ایس کے آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں قومی زعفران مشن کی پیش رفت کا جائز ہ لیا گیا۔میٹنگ میںچیف ایگریکلچر اورضلع وسب ڈویژن ایگریکلچر کے آفیسران کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 400.11کروڑ روپے کا قومی زعفران مشن تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے جس میں زعفران کی پیداوار میں اضافے کا مد بھی شامل ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ زعفران مشن کے تحت کل 3715ہیکٹر اراضی میں زعفران کی کاشت میں اضافے کے لئے 2218ہیکٹر اراضی کے احیائے نو کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔جب کہ 1597ہیکٹر اراضی کی 2017-18ءکے تحت نشاندہی کی گئی ہے اوریہ سال پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے آخری سال ہے۔ناظم زراعت کشمیر نے آفیسران پراراضی کے احیائے نو کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے اور زمینی سطح پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ صدفیصد ہدف حاصل کیا جاسکے۔میٹنگ کے دوران ضلع بڈگام کے باقی ماندہ علاقوں میں واٹر ہارویسٹ ٹینکس اور دیگر ذرائع کے ذریعے آبپاشی کی خاطراقدامات کرنے پر زوردیا گیا ۔ ناظم زراعت نے آفیسران پر طبعی اورمالی حصولیابیوں کے لئے لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔