عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری شانت منو نے زنانہ کالج پریڈ گراؤنڈ جموں میں جموں ڈویژن کے کالجوںکے پرنسپلوں کے اجلاس کی صدارت کی ۔ سیشن کا آغاز ڈائریکٹر کالجز جے اینڈ کے ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر کے باضابطہ استقبال ایڈریس سے ہوا ۔ انہوں نے جموں ڈویژن میں کالجوں کا ایک جامع جائیزہ پیش کیا ۔ اجلاس کے دوران شانت منو نے اخلاقی تعلیم کی اہمیت اور طلباء کی ذہنی صحت پر زور دیا ۔ انہوں نے پرنسپلوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خاص طور پر چیلنجنگ اوقات میں طلباء کی ذہنی صحت کی مدد کیلئے حکمت عملی پر کام کریں ۔ اے سی ایس نے این ای پی کے نفاذ کیلئے روڈ میپ پر مزید تبادلہ خیال کیا اور خواہش ظاہر کی کہ یونیورسٹیوں کو آن لائن فارمیٹ میں طلباء کے ذریعہ اپنائے جانے والے کورسز کی شناخت کے سلسلے میں فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔شانت منو نے ڈائریکٹر کالجز سے کہا کہ وہ این ای پی 2020کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے یونیورسٹیوں کے ساتھ تال میل بنائے رکھیں ۔ اے سی ایس نے کالجوں کے پرنسپلوں کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا ۔شانت منو نے تمام پرنسپلوں کو غور سے سُننے کے بعد خواہش ظاہر کی کہ ڈائریکٹر کالجز کو تمام تعلق داروںسے ایک جامع نظریہ اپنانا چاہئے اور اس سلسلے میں درکار اصلاحی اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔