ڈریم سکول پروجیکٹ سے کشمیر اور کیرالہ کے فاصلے ختم:منوج سنہا
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ “ڈریم سکول پروجیکٹ” نے تعلیم اور اختراع کے ذریعے دونوں خطوں کو قریب لا کر کشمیر اور کیرالہ کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد کی ہے۔ایل جی نے کہا کہ اس منصوبے کا تصور 27 مارچ 2023 کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور فضل اور شبانہ فائونڈیشن کے درمیان طے پانے والے ایم او یو کے بعد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فائونڈیشن نے اس اقدام کو نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کا مقصد سرکاری سکولوں کو جدید بنانا اور طلبا کو سیکھنے کے نئے ماڈلز سے جوڑنا ہے۔انہوں نے کہا”اس اقدام نے کیرالہ اور کشمیر کے درمیان فاصلے ختم کر دیئے ہیں، اس نے دونوں خطوں کو قریب لایا ہے، ہمارے کلاس رومز میں نئے آئیڈیاز، خواہشات اور سیکھنے کے ماڈل متعارف کرائے ہیں،” ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ بھی تعلیمی شعبے کو تبدیل کرنے کے لیے خلوص نیت سے کام کر رہی ہے اور سیکھنے میں عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل ان کا ہے جو بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا “پیشہ ورانہ تعلیم آنے والے سالوں میں ایک اہم کردار ادا کرے گی، جموں و کشمیرمیں ہزاروں سکول پہلے سے ہی طلبا کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کے لیے پیشہ ورانہ لیبز قائم کر رہے ہیں” ۔ایل جی سنہا نے کہا، “جموں و کشمیر کی تقدیر اس کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، ان کی تخلیقی صلاحیتیں اور ہمت خطے کی ترقی کا تعین کرے گی،بڑا سوچیں، بڑے خواب دیکھیں، اور اپنے تعلیمی سفر میں جرات مندانہ قدم اٹھائیں” ۔سنہا نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے بعد تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ، اور سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے ۔ کوٹھی باغ ہائر سیکنڈری سکول میں ہندوستان بھر میں تعلیمی اصلاحات کیلئے سرگرم فاضل اینڈ شبانہ فاو نڈیشن کی طرف سے مڈل سکول بلاک کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی نے تدریسی منظرنامے میں ایک مثبت انقلاب برپا کیا ہے ، جہاں سکول اب پرانے اور روایتی تعلیمی ڈھانچوں سے نکل کر جدید، تخلیقی اور طلبہ مرکوز تعلیم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے طالبات کی کامیابیوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی لڑکیاں تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیوں دونوں میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کی طالبات نہ صرف شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں بلکہ قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔