سری نگر //ریاست جموںوکشمیر سمیت ملک بھر میں 6مئی کو لیے گئے قومی اہلیتی داخلہ امتحان(نیٹ )امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔جموں کشمیر میں 12515امیدواروں نے ملکی سطح کے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔جموں وکشمیر سے 24103امیدواروں کو نیٹ2018میں رجسٹر کیا گیا تھا جن میں 23085امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا اور 12515امیدوار کامیا ب قرار پائے ۔ یاد رہے ان امتحانات میں ملک بھر سے 13لاکھ 26ہزار 725اُمیدواروں نے حصہ لیا تھا اور اس امتحان میں کامیاب پائے جانے والے اُمیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلہ لینے کے حق دار ہوں گے۔اس سلسلے میں سی بی ایس ای کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق این ای ای ٹی (نیٹ) سال 2018 کے امتحان کے نتیجے سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ عام زمرے کے طالب علموں کے لئے کٹ آف 691-119 تک متعین کیا گیا ہے جبکہ ریزرو طبقے کے لئے 118 سے لے کر 96 تک کٹ آف متعین کیا گیا ہے۔ سی بی ایس سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیٹ نتائج 2018 کو سی بی ایس ای نیٹ کی آفیشیل ویب سائٹ سی بی ایس ای این ای ای ٹی ڈاٹ نک ڈاٹ ان پر دیکھا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ ریاست جموں وکشمیرسمیت ملک بھر میں قومی اہلیتی داخلہ امتحان 6مئی 2018کو لیا گیا تھا جس کے دوران ریاست سمیت ملک بھر سے 13لاکھ 26ہزار 725اُمیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا تھا۔