نئی دہلی//کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاست کے سیلاب کوقومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کرکے کہا کہ " محترم وزیر اعظم، براہ مہربانی بلا تاخیر کئے کیرالہ کے سیلاب کو قومی آفت قرار دیں۔ ہمارے کروڑوں لوگوں کی زندگی، روزی روٹی اور مستقبل داؤ پر ہے "۔ اس سے پہلے مسٹرراہل گاندھی نے ایک ٹویٹ کر کے مسٹر مودی سے سیلاب سے متاثرہ کیرالہ کو خصوصی مدد دینے کی درخواست کی تھی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ "کیرل بہت بڑی مصیبت میں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے بات کی ہے اور ان سے فوج اور بحریہ کے جوانوں کی تعیناتی میں اضافہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ یہ بحران صورت حال ہے ۔ ریاست کی تاریخ میں یہ سب سے زیادہ خوفناک سیلاب ہے ، اس لئے ریاست کو خصوصی مدد ملنی چاہئے " ۔ ادھر جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کیرالامیں آئے تباہ کن سیلاب کو قومی آفت قرار دینا چاہیے ۔ مولانا عمری نے کہا کہ مسلسل بارش، سیلاب اور زمین کے کھسکنے کی وجہ سے ریاست کی صورت حال کافی ابتر ہے ۔اس کے کئی حصے زیر آب ہیں۔ کثیر تعداد میں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ چکے ہیں۔ ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد کیمپوں میں پناہ گزیں ہیں۔ ہزاروں گھر ڈوب گئے ہیں۔ ریاست کے کئی حصوں میں ہزار وں افراد بے یار و مددگار ہیں،۔ حالات کی سنگینی کے سبب کہ بچاؤ اور راحت کا کام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ اس صورت حال کا مقابلہ صرف حکومت یا رضا کارکنان کے ذریعے ناممکن ہے ۔ راحت و بچاؤ کے لیے مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ مزید ملٹری عملہ و دیگر سہولیات فوری فراہم کرے ۔ امیر جماعت نے بین الاقوامی برادری سے بھی اپیل کی ہے کے وہ اس موقعے پر متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے ۔ خدشہ ہے کہ اگر وقت رہتے راحت کے کاموں میں تیزی نہیں لائی گئی تو حالات بے قابو ہو جائیں گے ۔ اس سیلاب کی وجہ سے ریاست کا اربوں روپیہ کا نقصان ہوا ہے ۔ متاثرہ علاقے میں تعمیری کاموں کی فی الفور ضرورت ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاست کیرالہ کے لیے اسپیشل پیکج کا اعلان کرے ۔ امیر جماعت نے ملک کے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کیر لہ کے لوگوں کی ہر طرح کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ہمیں یہ بات یاد ہونی چاہیے کہ ملک میں کہیں بھی قدرتی آفت آئے کیر لہ کے عوام نے بچاؤ و راحت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جماعت اسلامی ہند عادل آباد(تلنگانہ) کی جانب سے کیرالہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کے لیے ریلیف جمع فنڈ جمع کرنے کی مہم جاری ہے ۔ گزشتہ روز مختلف مساجد میں 75000 جمع کئے گئے جو فوری کیرالہ روانہ کردیئے گئے ۔ محمد ندیم ارشد امیر مقامی جماعت اسلامی ہند عادل آباد نے کہا کہ سیلاب سے جو نقصانات ہوئے ہیں اسکا اندازہ لگانا مشکل ہے ۔ بھاری رقومات کی ضرورت ہے ۔ اہل خیر حضرات سے اپیل جاری کی کہ اس مد میں زیادہ سے زیادہ تعاون کریں ۔