عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ضلع جموں میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سختی کرتے ہوئے آر ٹی او جموں پنکج بھگوترا نے گزشتہ 02 دنوں کے دوران 153 ڈرائیونگ لائسنس معطل کئے اور تقریباً 403 خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس جاری کئے ہیں۔153 ڈرائیونگ لائسنسز کو مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں/ٹیموں کی سفارشات کے مطابق معطل کر دیا گیا ہے اور 250 مزید ڈرائیونگ لائسنس معطلی کی کارروائی میں ہیں اور نوٹس کی مدت پوری ہونے کے بعد معطل کر دئیے جائیں گے۔دریں اثنا، آر ٹی او جموں کی انفورسمنٹ ٹیموں نے جموں ضلع کے مختلف مقامات پر باقاعدگی سے ناکے لگائے۔ بھگوتی نگر، توی چوتھا پل، ریلوے اسٹیشن جموں کے قریب اور جموں-اکھنور روڈ جاری شری امرناتھ جی یاترا کے دوران اوور چارجنگ کی شکایات کی نگرانی کے لئے ناکے لگائے گئے۔ گزشتہ دو دن کی مہم کا بنیادی مقصدمسافر گاڑیوں بالخصوص امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ای آٹوز اور ای-رکشوں اور میعاد ختم ہونے والے دستاویزات کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں کے ذریعے اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ تھی۔گزشتہ 02 دن کی انفورسمنٹ مہم کے دوران تقریباً 265 گاڑیوں کی جانچ کی گئی جن میں ٹووہیلرز، ٹیکسی/ میکسی کیبس، ای رکشا، ای آٹوز اور تھری وہیلر (مسافر) وغیرہ شامل ہیں۔ روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیاں، آر سی کی خلاف ورزیاں، اوور لوڈنگ، بغیر سیٹ بیلٹ، بغیر ہیلمٹ، بغیر ایس ایل ڈی وغیرہ جن میں سے 90 گاڑیوں کا ای چالان کیا گیا۔چالان جاری کرنے کے علاوہ اوورلوڈ مسافر گاڑیوں کو موقع پر ہی اتار دیا گیا اور اضافی مسافروں کیلئے ان کی متعلقہ منزلوں کیلئے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا۔