جاوید اقبال
مینڈھر // بدھ کے روز ڈرگس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیم نے نائب تحصیلدار مینڈھر اور بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر کے ہمراہ اچانک معائنہ مہم چلاتے ہوئے مینڈھر قصبہ میں متعدد ڈائگناسٹک سینٹرز اور میڈیکل لیبارٹریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کارروائی کا بنیادی مقصد نجی طبی مراکز میں معیارِ صحت، لائسنسنگ اور قانونی تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنانا تھا۔معائنے کے دوران ٹیم نے کئی لیبارٹریوں میں سنگین بے ضابطگیاں پکڑیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چار لیبارٹریوں کو سیل کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ سیل کی گئی لیبارٹریوں میں لائف کیئر لیب، وی کیئر ڈائگناسٹک لیب، لاروی ہیلتھ کیئر لیب اور پبلک ڈائگناسٹک لیب شامل ہیں۔حکام کے مطابق ان مراکز میں متعدد قوانین کی خلاف ورزیاں پائی گئیں، جن میں،بغیر لائسنس کام کرنا،مستند اور تربیت یافتہ ٹیکنیکل اسٹاف کی عدم موجودگی،ناقص بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ،حفاظتی تقاضوں اور صفائی کے معیارات کی خلاف ورزی،رپورٹنگ کے طریقہ کار میں بے قاعدگیاں شامل ہیں۔ڈرگس کنٹرول ٹیم کے ایک اہلکار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی طرح کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اور غیر معیاری ڈائگناسٹک مراکز کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور تمام ایسے اداروں کو فوری طور پر متعلقہ محکمے سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہے، ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔بی ایم او مینڈھر نے بھی اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ غیر مستند لیبارٹریاں مریضوں کی زندگیوں کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلد ہی دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی چیکنگ کی جائے گی۔انتظامیہ نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ کسی بھی ٹیسٹ سے قبل متعلقہ لیبارٹری کے رجسٹریشن، سرٹیفکیشن اور تکنیکی صلاحیت کی جانچ ضرور کریں، تاکہ غلط رپورٹنگ یا غلط علاج کی وجہ سے کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔