سرینگر //سرینگر کے قمر واری علاقے میں اتوار کی شام اسوقت کہرام مچ گیا جب وہاں ایک 45سالہ شخص کی نعش پہنچائی گئی ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک قتل کا معاملہ ہے۔ مذکورہ شخص کے ایک قریبی رشتہ دار غلام محمد مٹہ نے بتایا ’’ 45سالہ غلام محمد ہارون اتوار کو صفا کدل سبزی خریدنے گیا ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ’’ ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اسکی لاش بڈگام کیسے پہنچ گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹانگ میں ایک سراخ ہے جبکہ مذکورہ شخص کے چہرے کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ غلام محمد ہارون کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے کے لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ۔ اس دوران پولیس نے کہاہیکہ مذکورہ شخص ٹرین حادثے میں مارا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ وہ مذکورہ شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے لینا چاہتے تھے مگر لوگوں نے اسکی اجازت نہیں دی۔ پولیس اسٹیشن قمرواری کے ایس ایچ اومعراج الدین نے بتایا صرف پوسٹ مارٹم سے ہی اس بات کا پتہ چل سکتا ہے کہ مذکورہ شخص کی موت کن حالات میں ہوئی ہے پولیس بیان کے مطابق غلام محمد ہارون ولد عبدالرحمان ہارون ساکن رام پورہ چھتہ بل قمر واری کو بڈگام میں صفدن ریلوے برج کے نزدیک حادثہ پیش آیا ۔پولیس بیان کے مطابق مذکورہ شخص کو ضلع اسپتال بڈگام ریلوے پولیس پوسٹ بڈگام کے ذریعے پہنچایا گیا جہاں اسے ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ریلوے پولیس پوسٹ بڈگام نے اس معاملے میں قانونی کاروائی شروع کی ہے